خفیہ اور غیر اندارج شدہ مدارس کی نشاندہی کے لیے سروے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption حکومت نے اس سروے سے قبل ملک میں قائم مدارس کو تین درجوں میں تقسیم کر رکھا ہے

حکومت نے ملک میں قائم دینی مدارس کے جامع اور مکمل کوائف جمع کرنے کے لیے ایک سروے کا آغاز کر دیا ہے جس کے نتائج کی بنیاد پر ان مدارس کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس سروے کی بنیاد پر مدارس کو سرخ اور سبز درجہ بندی میں تقسیم کیا جائےگا اور سرخ درجہ بندی والے مدارس کو پہلے سبز بنانے کی کوشش کی جائے گی اور ایسا کرنے میں ناکامی پر ان مدارس کے خلاف انسداد دہشت گردی کے نئے قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

مدارس کی اصلاحات کے لیے کوششیں: ویڈیو دیکھیے

سرخ اور سبز مدارس کی نشاندہی کے لیے وزارت داخلہ نے ایک موبائل فون ایپلیکشن بھی تیار کی ہے جو مدارس کا سروے کرنے والے اہلکاروں کو فراہم کی جائے گی۔

اس ایپلیکشن کے ذریعے سروے کیے جانے والے مدرسے کی تصاویر اور دیگر تفصیلات وزارت داخلہ میں نصب نظام تک فوراً ارسال کی جا سکیں گی۔

پشاور سکول حملے کے پس منظر میں بننے والے قومی ایکشن پلان کی منظوری کے بعد شروع ہونے والے اس سروے کی تصدیق کرتے ہوئے مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے بی بی سی کو بتایا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاوہ وفاقی دارلحکومت میں ایک ساتھ شروع ہونے والا سروے بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

’وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کے اہلکار مدارس کے اندر جا کر وہاں موجود تدریسی عملے اور طلبا کے کوائف جمع کر رہے ہیں۔ سروے کے بعد ہمیں ان مدارس کے بارے میں بالکل درست معلومات مل جائیں گی کہ طلبا کون ہیں، کہاں سے آئے ہیں اسی طرح تدریسی اور دیگر عملے کے کیا کوائف ہیں۔ وہاں نصاب میں کیا کچھ پڑھایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کہاں ہے اور کیسی ہے، یہ سب معلومات اس جامع سروے کے بعد سامنے آ جائیں گی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption پاکستان میں رجسرڈ مدارس کی تعداد تقریباً 30 ہزار ہے

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مدارس کے ساتھ مشاورت سے حکومت وفاق کی سطح پر ایسا ریگولیٹری ادارہ بنانے کا ارادہ رکھتی ہے جو مدارس کی رجسٹریشن سے لے کر نصاب تک کی منظوری دے گا۔

’دینی مدارس کے لیے بنائی جانے والی اس ریگولیٹری اتھارٹی میں محکمہ تعلیم، داخلہ کے حکام، علما اور مدارس کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ادارہ مدارس کی رجسٹریشن کرے گا اور انہیں دنیاوی علوم پڑھانے کے لیے اساتذہ فراہم کرنے کے علاوہ انہیں فنڈز اور کمپیوٹر بھی سرکاری خزانے سے فراہم کرے گا۔"

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مدارس کے منتظمین کی مشاورت سے ان دونوں منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور بہت جلد ملک میں مدارس کے بارے میں ایسا نظام تشکیل پا جائے گا جس پر مدارس اور حکومت دونوں متفق ہوں گے۔

انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ ملک میں قائم مدارس دہشت گردی میں ملوث ہیں یا وہاں فرقہ وارانہ شدت پسندی کی تعلیم دی جاتی ہے: ’میں یقین سے کہ سکتا ہوں کہ ہمارے مدارس کسی قسم کی انتہا پسندی میں ملوث نہیں ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ حکومت رجسٹرڈ مدارس پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں پر ایسا کام کرنا ممکن نہیں ہے۔

البتہ انہوں نے تسلیم کہ بعض ایسے مدارس جو رجسٹرڈ نہیں ہیں اور خفیہ طور پر شدت پسندی کی ترویج بھی کرتے ہیں اور دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ بھی ان کے روابط ہیں۔

’مدارس کے بارے میں جاری سروے کے بعد ایسے مدارس کی نشاندہی بھی ہو جائے گی جس کے بعد اپنے آپ کو رجسٹر نہ کروانے والے مدارس کے خلاف آئین کی اکیسویں ترمیم کے مطابق دہشت گردی کے مقدمات چلیں گے۔‘

وزارت داخلہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہی وہ مدارس ہیں جو سرخ درجہ بندی میں شامل رہیں گے اور سروے کے بعد اگر یہ مدارس سبز درجہ بندی میں نہ آئے تو ان کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس سروے سے قبل ملک میں قائم مدارس کو تین درجوں میں تقسیم کر رکھا ہے اور اسی کے مطابق سروے کے دوران ان سے کوائف اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

ایک رجسرڈ مدارس ہیں جن کی تعداد تقریباً تیس ہزار ہے۔ ان مدارس کے ساتھ نصاب میں تبدیلی کے لیے بات چیت ہو رہی ہے جبکہ دوسری قسم غیر رجسٹرڈ مدارس کی ہے اور حکومت ان مدارس کو کسی نظم میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

تیسری اور حکومت کے لیے زیادہ پریشانی کا باعث خفیہ مدارس ہیں جن کی تعداد اور وہاں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں حکومت کے پاس کسی قسم کی اطلاعات نہیں ہیں اور یہی مدارس حکومت کے لیے اصل درد سر بنے ہوئے ہیں۔

Image caption حکومت اس وقت تو بہت مبہم باتیں کر رہی ہے کہ دس فیصد مدارس شدت پسندی میں ملوث ہیں۔

ملک میں رجسٹرڈ مدارس کی تنظیمیں بھی اب ایسے مدارس سے اعلان لا تعلقی کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

تنظیم وفاق المدارس کے سربراہ قاری حنیف جالندھری نے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹریو میں کہا کہ انہیں ایسے مدارس کے خلاف کارروائی پر کوئی اعتراض نہیں ہے جو دہشت گردی یا شدت پسندی میں ملوث ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم تو ایسے لوگوں اور اداروں کے خلاف کارروائی میں حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے بھی تیار ہیں۔ لیکن حکومت کو پہلے ایسے مدارس کی نشاندہی کرنی چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت تو بہت مبہم باتیں کر رہی ہے کہ دس فیصد مدارس شدت پسندی میں ملوث ہیں۔

حنیف جالندھری نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے مدارس کی نشاندہی کرے، فہرست بنائے اور پھر انہیں باقی مدارس سے علیحدہ کر کے ان کے خلاف کارروائی کرے تو کوئی بھی تنظیم یا مدارس اس کارروائی میں مزاحمت نہیں کریں گے۔

اسی بارے میں