سینیٹ انتخابات، پیپلز پارٹی کےامیدواروں کا اعلان

Image caption سسی پلیجو پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ کی صوبائی اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین نے سینیٹ کے انتخابات کے لیے سندھ سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔

ان امیدواروں میں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، فاروق ایچ نائیک، اسلام الدین شیخ، سلیم مانڈوی والا اور انجینئر گیانچند اور لطیف انصاری جبکہ خواتین کی مخصوص نشست پر سسی پلیجو امیدوار ہوں گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے شیری رحمان اور جام مہتاب ڈھر کے ساتھ کراچی میں پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں سات نشستوں کے لیے انہیں 105 درخواستیں موصول ہوئی تھیں انہوں نے اسمبلی میں موجود اپنے نشستوں کے مطابق یہ ٹکٹ دیے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد امیدواروں میں سسی پلیجو اور انجنیئر گیانچند سندھ اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔ سسی پلیجو کا تعلق ٹھٹہ اور گیانچند کا تھرپارکر سے ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ سے سابق وفاقی وزرا رحمان ملک، فاروق ایچ نائیک، مولا بخش چانڈیو، گل محمد لاٹ، سلیم مانڈوی والا، اسلام الدین شیخ، عبدالقیوم سومرو اور الماس پروین سمیت سندھ سے گیارہ سینیٹر ریٹائرڈ ہوئے ہیں ان نشستوں کے لیے تین مارچ کو انتخابات ہوں گے۔

سینیٹ کے انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطوں کے بارے میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کئی جماعتوں سے کئی سطح پر رابطے جاری ہیں۔

پارٹی کے سربراہ مخدوم امین فہیم کی غیر موجودگی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک سے باہر ہیں اگر ملک میں ہوتے تو ان کے ساتھ موجود رہتے لیکن یہ اعلان ان کی اجازت سے کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے درمیان اختلافات کی اطلاعات کو انہوں نے ایک بار پھر مسترد کیا ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن حقیقیت نہیں ہے۔ ان کے مطابق باپ بیٹے میں کیا اختلاف ہوسکتے ہیں کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس طرح کی افواہیں چلائیں گے تو اس سے پیپلز پارٹی کچھ کمزور ہوگی۔

اسی بارے میں