سینیٹ انتخابات کے لیے تحریکِ انصاف کے امیدواروں کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے گذشتہ ہفتے 131 درخواستوں پر امیدواروں کے انٹرویو کیے جن میں سے 16 امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت تحریکِ انصاف نے پانچ مارچ کو ہونے والے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ انتخابات کے لیے دس امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

تحریکِ انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں جمعے کو خیبر پختونخوا اسمبلی سے دس امید واروں کو ٹکٹ جاری کیے۔

پاکستان تحریکِِِِِ انصاف کی جانب سے خواتین کی نشستوں پر ثمینہ عابد اور رابعہ بصرہ جبکہ ٹیکنوکریٹس کے لیے لطیف یوسفزئی کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت کی جانب سے اقلیتی نشستوں کے لیے برگیڈیئر (ریٹائرڈ) جان ویلیم اور روی کمار کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

تحریکِ انصاف نے جنرل نشستوں کے لیے محسن عزیز، سید شبلی فراز، فضل محمد خان، بیرسٹر سلمان آفریدی اور نعمان وزیر کو میدان میں اتارا ہے۔

تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے گذشتہ ہفتے 131 درخواستوں پر امیدواروں کے انٹرویو کیے جن میں سے 16 امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے۔

تحریکِ انصاف کے پارلیمانی بورڈ کے مطابق ٹکٹ جاری کرتے ہوئے دو اصولوں کو مدِ نظر رکھا گیا۔

پہلے اصول کے مطابق جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے ان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہو اور دوسرا یہ کہ وہ تحریکِ انصاف کی قانون ساز مجلس یا کسی وزیر کا قریبی رشتے دار نہ ہوں۔

اسی بارے میں