’معاشرے کو یرغمال بنانے والے گمراہ عناصر سے پاک کر دیں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشرے کو ان گمراہ عناصر سے پاک کر دیا جائے گا جنہوں نے پورے معاشرے کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

کراچی میں جمعرات کو فضائیہ کے نگران جہاز قراقرم ایگل کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن ضربِ عضب کے نتائج انتہائی اطمینان بخش ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ان کارروائیوں کے ردعمل میں شدت پسندوں کی جانب سے کچھ دہشت گردی بھی کی جارہی ہے، لیکن ’یہ ان کی آخری وارداتیں ہیں کیونکہ پاکستانی قوم یہ عہد کرچ کی ہے کہ دہشت گردی کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے گا۔‘

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فضائیہ نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کامیابی کے ساتھ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر کے زمینی دستوں کا کام آسان کر دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ شمالی علاقوں میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے باقی نہیں رہ سکتے کیونکہ فضائیہ ان کا مکمل خاتمہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پاک بھارت مذاکرات کا نام لیے بغیر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت پورے خطے میں امن کا قیام چاہتی ہے تاکہ خطے کے عوام خوشحال زندگی بسر کر سکیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت پاکستان مذاکرات اور باہمی رابطوں کے ذریعے امن کے فروغ کو ترجیح دیتی ہے لیکن بعض اوقات دوسرے فریق کی جانب سے حوصلہ افزا طرزِ عمل کا مظاہرہ نہیں کیا جاتا۔

اس خطاب سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے تجارتی و صنعتی نمائش نویں پاکستان ایکسپو 2015 کا افتتاح کیا۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں وہ سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے غیر ملکی وفود اور پاکستان کے صنعت کاروں کو آگاہ کیا کہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ آئندہ تین سالوں میں بجلی کے بحران پر قابو پالیا جائے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی خطے میں کاروبار کا مرکز ہے اور شہر میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اسی بارے میں