پاکستانی و سعودی فوجی مشقوں میں فوجی اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption شمراک کے میدان میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان فوجی مشقوں کا آغاز گذشتہ ماہ ہوا تھا

سعودی عرب کی سرکاری ایجنسی کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان الصمصام پنجم نامی فوجی مشقوں کے دوران ایک فوجی افسر ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے بدھ کو وزارتِ دفاع کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے الباہہ نامی خطے کے شمال میں جاری فوج کی تربیتی مشقوں کے دوران براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں ایک نان کمیشنڈ افسر ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے افسران کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم سعودی حکام نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

پاکستان کے عسکری ذرائع نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان کا کوئی افسر نہ تو الصمصام پنجم نامی فوجی مشقوں میں ہلاک ہوا اور نہ ہی زخمی ہوا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے یمن میں جاری مداخلت میں پاکستان کی برّی بحری اور فضائی مدد مانگی ہے تاہم پاکستان کی پارلیمان میں ابھی یہ بحث جاری ہے کہ پاکستان اس جنگ میں سعودی عرب کو کس قسم کی حمایت دینی چاہیے۔

ملک کی اکثر سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان جنگ میں حصہ لینے کے بجائے مصالحتی کردار ادا کرے۔

اسی بارے میں