پاکستان میں سی آئی کے سابق سٹیشن چیف کے خلاف مقدمہ درج

تصویر کے کاپی رائٹ US Air Force
Image caption امریکی اہلکار کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا ہے اور مقدمے کا نمبر 91 ہے اور اس میں قتل اور اعانت مجرمانہ کی دفعات لگائی گئی ہیں

اسلام آباد پولیس نے امریکہ کی جانب سے کیے جانے والے ڈورن حملوں میں ہلاکتوں کے خلاف امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر جو ناتھن بینکس کے خلاف قتل اور اعانت مجرمانہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس نے یہ مقدمہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر جمعرات کو درج کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقامی پولیس کو یہ حکم شمالی وزیرستان کے رہائشی کریم خان کی درخواست پر دیا جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ امریکی ڈرون حملوں کی وجہ سے مدعی کے بیٹے اور ان کے رشتے دار ہلاک ہوئے ہیں جن کا نہ تو کسی شدت پسند تنظیم سے کوئی تعلق تھا اور نہ ہی وہ کسی شدت پسندی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

’سی آئی اے کے خلاف مقدمے سے سفارتی تعلقات متاثر ہوں گے‘

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ان کے عزیز واقارب کے قتل کی ذمہ داری پاکستان میں امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے کنٹری ڈائریکٹر جوناتھن بینکس پر عائد ہوتی ہے۔

امریکی اہلکار کے خلاف یہ مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا ہے اور مقدمے کا نمبر 91 ہے اور اس میں قتل اور اعانت مجرمانہ کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

پولیس نے مقدمہ تو درج کرلیا ہے تاہم اس مقدمے کی نقول جنوبی وزیرستان کے پولیٹکل ایجنٹ کو ارسال کر دی ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس درخواست کی سماعت کے دوران پولیس اور حکومت کا موقف تھا کہ امریکی اہلکار کے خلاف مقدمہ درج ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔

اس مقدمے میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ مذکورہ امریکی اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی ہونے کے خطرے کے پیشِ نظر ملزم بیرونِ ملک فرار ہو سکتا ہے اس لیے اس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔

عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر اسلام آباد پولیس کے سربراہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے درخواست گزار نے پشاور ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی تاہم پشاور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر درخواست واپس کر دی تھی کہ جن علاقوں میں ڈرون حملے ہو رہے ہیں وہ علاقے ان کے دائرہ سماعت میں نہیں ہیں۔

اسی بارے میں