پاکستان کی معاشی ترقی دشمنوں کو پسند نہیں ہے: نواز شریف

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کراچی میں صفورا چورنگی کے قریب ہونے والے اس حملے میں 45 افراد مارے گئے

پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بس پر حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

کراچی میں گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف نے امن امان کے بارے میں اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، گورنر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر کراچی کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعظم کو ڈی جی رینجرز اور آئی جی غلام حیدر جمالی نے بس حملے کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کیا۔ پی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ بربریت کے واقعات انسداد دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، اور معصوم لوگوں کے قاتلوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔

کراچی میں اسماعیلی برداری کی بس پر حملے کے بعد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں کل جماعتی کانفرنس مختصر کر دی گئی، جبکہ جنرل راحیل شریف سری لنکا کا دورہ ملتوی کر کے کراچی پہنچے۔

اجلاس میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی دشمنوں کو پسند نہیں ہے، اس لیے دشمنوں پر نظر رکھی جائے گی۔

گورنر ہاؤس میں اجلاس کے بعد وزیر اعظم اسماعیلی برداری کے رہنما سلطان الانہ کے گھر پہنچے اور ان سے افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دوسری جانب رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے کے شبے میں 70 مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں میمن ہسپتال، سہراب گوٹھ، مچھر کالونی، افغان بستی، فقیرا گوٹھ، نیو سبزی منڈی، لاسی گوٹھ اور آس پاس کے علاقوں سے عمل میں لائی گئی ہیں۔

دریں اثنا میمن ہپستال سے ہلاک ہونے والے اکثر افراد کی لاشیں آغا خان ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جہاں سے انھیں الاظہر گارڈن پہنچایا جائے گا، وہاں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔

پاکستان حکومت نے جمعرات کو یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس موقعے پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا، جبکہ کراچی میں تاجر تنظیموں نے کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی بارے میں