بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کو تشویش

پاکستان کے وزیر اعظم کے امور خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر کی دھمکی کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف دہشت گردی استعمال کرے گا، شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان نے پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں پاکستان کے خدشات کی تصدیق کر دی ہے۔

سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ملک کی منتخب حکومت کے وزیر نے کھلے بندہوں دہشت گردی روکنے کے بہانے دہشت گردی کے استعمال کی بات کی ہو۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان مخلصانہ طریقے سے اپنے ہمسائے سے اچھے تعلقات قائم کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ پاکستان کے مشیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کا مشترکہ مسئلہ ہے اور دونوں کو مشترکہ طور پر اس کو ختم کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

حالیہ دنوں میں کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں پاکستانی حکام بھارتی خفیہ ادارے را کے ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

اسی بارے میں