کراچی میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، تین اہلکار ہلاک

Image caption رواں ماہ کے دوران کراچی میں اب تک نو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے ایک واقعے میں تین اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو عزیز آباد کے علاقے بھنگوریا گوٹھ میں پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے اس علاقے میں پولیس کی ایک موبائل کو نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق ہدف بنا کر ہلاک ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں جو نائٹ ڈیوٹی پر تھے۔

تاحال کسی تنظیم کی جانب سے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں شدت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے آغاز کے بعد سے سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ان تین اہلکاروں کی ہلاکت سے قبل رواں ماہ کے دوران ہی نامعلوم افراد نے شہر میں ایک سابق جیل سپرنٹینڈنٹ اور دو ڈی ایس پیز سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا ہے۔

اس کے علاوہ ایک حملے کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم اس کارروائی میں پانچ مبینہ حملہ آور مارےگئے تھے۔

ان میں سے دو حملوں کی ذمہ داری شدت پسند کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان نے قبول کی تھی۔

کراچی میں رینجرز اور پولیس اہلکار شہر کے مختلف علاقوں اور مضافات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شدت پسندوں اور کالعدم تنظیموں کے ارکان کے خلاف کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔

اسی بارے میں