گوجرانوالہ میں فائرنگ، نواز لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی قتل

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ کے ممبر صوبائی اسمبلی رانا شمشاد اور ان کے بیٹے ہلاک ہو گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ گجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں پیش آیا۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلم لیگ نواز کے رکن پنجاب اسمبلی رانا شمشاد احمد کامونکی میں اپنے بیٹے کے ہمراہ جا رہے تھے۔

کامونکی میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رانا شمشاد اور ان کا بیٹا ہلاک ہو گئے۔

رانا شمشاد پی پی 100 گوجرانوالہ 10 سے مسلم لیگ نواز کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔

اس سے قبل وہ 93-1992، 99-1997 اور 08-2002 میں بھی پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق شمشاد احمد کے والد چوہدری عبدالوکیل خان بھی رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں۔