بلوچستان میں سرچ آپریشن، ’11 عسکریت پسند ہلاک‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایف سی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہلاک اور گرفتار ملزمان سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث تھے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں فرنٹیئر کور نے چار مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ہے جن کے دوران 11 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔

کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق یہ کاروائیاں پنجگور، قلات، کیچ اور کوہلو کے اضلاع میں کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق پنجگور کے علاقے پروم میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔

دوسرا سرچ آپریشن قلات کے علاقے ہربوئی میں کیا گیا۔ ایف سی کے ترجمان کے مطابق اس علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں چھ عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔اس علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ضلع کوہلو کے علاقے بوری میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوا جبکہ ایک اور کوگرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے دربند میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران متعدد عسکریت پسندوں کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کر لیا گیا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہلاک اور گرفتار ملزمان سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔

یہ کاروائیاں اس آل پارٹیز کانفرنس سے ایک روز قبل کی گئی ہیں جو ضلع مستونگ میں 21 مسافروں کی ہلاکت کے واقعے کی تناظر میں منگل کو کوئٹہ میں منعقد کی جارہی ہے۔

اس کانفرنس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔

اسی بارے میں