’سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گوادر کاشغر اقتصادی راہداری پاکستان دشمنوں کی نظر میں کانٹے کی طرح کھٹک رہی ہے: اے پی سی

کوئٹہ میں وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سیاسی وعسکری قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ ایک صفحے پر ہے۔

کل جماعتی کانفرنس کے بعد جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں کہاگیا کہ شرکا کا اس بات پر پوری طرح اتفاق تھا کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری پاکستانی دشمنوں کی نظر میں کانٹے کی طرح کھٹک رہی ہے اور وہ اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

کل جماعتی کانفرنس میں ملک اورصوبہ کی نمائندہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

شرکا نے اتفاق کیا کہ سانحۂ مستونگ بلوچستان میں صدیوں سے مل جل کر رہنے والی برادر اقوام اور قبائل کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے اور انھیں آپس میں دست وگریباں کرنے کی سازش تھی جسے صوبہ کے عوام نے باہمی اتحاد واتفاق کے ذریعہ ناکام بنا دیا، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

کانفرنس کے شرکا نے صوبے کی سیاسی قیادت کی بالغ نظری کو سراہا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ صوبے کی سیاسی قیادت نے عوام کی معاونت اورخاص طور سے شہیدوں کے ورثا کے تعاون سے اقوام اور قبائل کو باہم دست وگریباں کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا۔

کانفرنس کے شرکا نے بلوچستان میں امن وامان کی صورت حال پر غور و خوض کیا اور اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ ملک دشمن قوتیں اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر بلوچستان کے حالات خراب کر رہی ہیں۔

کانفرنس کے شرکا نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سانحہ مستونگ، پشاور اور صفورا گوٹھ کراچی میں ہونے والے المناک واقعات کی طرح ایک قومی سانحہ ہے جس پر تمام پاکستانی قوم کو دکھ پہنچا ہے۔

کانفرنس کے شرکا کی جانب سے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی شدت کے ساتھ مذمت کی گئی اور واقعے کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں اور بیرونی سازشوں کو ہرقیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔

اسی بارے میں