خضدار میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر آٹھ افراد ہلاک

Image caption پاکستان کو تقریباً ہر برس موسم گرما میں سیلاب کا سامنا رہتا ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں آنے والے سیلابی ریلے میں ڈوب کر کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر خضدار وحید شاہ کے مطابق یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب خضدار کی تحصیل سارونہ میں پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قریبی پہاڑیوں پر شدید بارش کے بعد مینار کے علاقے میں واقع ندی میں اچانک سیلابی ریلا آیا جس نے قریب واقع مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس ریلے میں اب تک آٹھ افراد کے ڈوبنے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ سات سے آٹھ افراد ریلے میں بہہ گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق سیلابی ریلے میں ڈوبنے والے افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر بہہ جانے والے مزید افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

پاکستان میں موسمِ گرما میں سیلاب کا خدشہ موجود رہتا ہے اور گذشتہ برس بھی سیلاب کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے تھے۔

اسی بارے میں