کوئٹہ میں خود کش دھماکہ، دو افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک خود کش حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے ہونے والوں میں خود کش حملہ آور بھی شامل ہے۔

یہ حملہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ہزارہ ٹاؤن کے قریب ہوا۔

ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ عبد الوحید خٹک نے جائے وقوع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے خواتین کا لباس اور برقعہ پہن رکھا تھا۔

ایس ایس پی کے مطابق حملہ آور بروری روڈ پر سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے سامنے سے ہزارہ ٹاؤن میں داخل ہونا چاہتا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ہزارہ ٹاؤن کے داخلی پوائنٹ پر چوکیدار نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں چوکیدار طالب حسین اور خود کش حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے لیے سات سےآٹھ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ شہر کے مغرب میں بروری کے علاقے میں واقع ہے۔

بروری کا شمار شہر کے حساس ترین علاقوں میں ہوتا ہے اور اس سے قبل بھی اس علاقے کو متعدد بار نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

خود کش حملے کے بعد ہزارہ ٹاؤن اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

اسی بارے میں