پاکستان، بھارت اور افغانستان میں زلزلے کے جھٹکے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی وقت کےمطابق زلزلہ پیر کی سہ پہر تین بج کر پانچ منٹ پر محسوس کیا گیا

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور، پشاور اور ملک کے بالائی علاقوں میں پیر کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

امریکی ارضیاتی سروے نے زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی ہے۔ یو ایس جی ایس کی ویب سائٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز شمال مشرق افغانستان کے قصبے اشک آشام کے قریب تھا اور یہ زمین کے اندر 224 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے کہا ہے کہ پاکستان کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے بھارت میں نئی دلی اور افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بھی محسوس کیے گئے۔

پاکستان کے جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں مظفرآباد، بشام، سکردو، ایبٹ آباد، چترال، مردان، اور گوجرانوالہ سمیت کئی دوسرے علاقے شامل ہیں۔

پاکستانی وقت کےمطابق زلزلہ پیر کی سہ پہر تین بج کر پانچ منٹ پر محسوس کیا گیا۔

ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یاد رہے گذشتہ ماہ بھی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد ونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔

واضح رہے ملک کے شمالی علاقوں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کو 7.6 کی شدت کے زلزلے سے 73 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ستمبر 2013 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے آواران میں 7.7کی شدت کے زلزلے سے تقریباً چار سو افراد ہلاک اور ہزاروں کی تعداد میں بے گھر ہوگئے تھے۔

اسی بارے میں