’دنگے فساد کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں، شکست تسلیم کریں‘

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption 36 گھنٹوں کی تحقیقات کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ 26 اگست کے بعد سے کسی حلقے میں ووٹ منتقل نہیں کیے گئے

پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کو الزام تراشی کی سیاست اب ختم کر دینی چاہیے کیونکہ دنگا فساد ملکی مفاد میں نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ضمنی انتخابات میں ووٹ ایک حلقے سے دوسرے حلقے میں منتقل کرنے کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 36 گھنٹوں کی تحقیقات کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ 26 اگست کے بعد سے کسی حلقے میں ووٹ منتقل نہیں کیے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا قومی ادارہ ہے نہ کہ مسلم لیگ ن کا۔

پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان کو شکست تسلیم کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے کیونکہ شکست تسلیم کرنا ’بڑے پن‘ کا باعث ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے لاہور میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ ضمنی انتخابات سے قبل حکومت نے ووٹ ایک حلقے سے دوسرے حلقے میں منتقل کیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں اور تحریک انصاف کا ایک پینل تمام تفصیلات اکٹھی کرنے کے بعد جلد الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ’دھاندلی کی نشان دہی کر کے ہم ملک میں انصاف کا نظام لانے چاہتے ہیں اور یہ شفاف الیکشن کے بغیر ممکن نہیں ہے۔‘

یاد رہے کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تھا اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ایاز صادق کامیاب ہوئے تھے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر پاکستان تحریکِ انصاف کے اُمیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہمارے پاس شواہد موجود ہیں اور ایک پینل تمام تفصیلات اکٹھی کرنے کے بعد جلد الیکشن کمیشن کو فراہم کرے گا: عمران خان

وزیر داخلہ نے وزیراعظم نواز شریف کے آئندہ دورہِ امریکہ کے بارے میں بتایا کہ پاکستان امریکی صدر اوباما سے ملاقات میں اپنے تحفظات اور خدشات سے امریکہ کو آگاہ کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ ’ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن ہمارے دوست بھی ہمارے دشمن کی زبان بولتے ہیں۔ پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے کوشش کی لیکن افغانستان اور امریکہ کے بیانات پاکستان کے خلاف ہیں۔ ہم اپنا ردعمل ضرور ظاہر کریں گے۔

’پاکستان پر الزام ہے کہ ہمارے غیر ریاستی عناصر بھارت میں کارروائیاں کر رہے ہیں لیکن بھارت کی خفیہ ایجنسی پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے جس کے ثبوت اقوام متحدہ کو فراہم کیے گئے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں قومی سلامتی کے لیے تمام ریاستی اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔

اسی بارے میں