رچرڈ اولسن پاکستان اور افغانستان کے نمائندہ خصوصی مقرر

Image caption امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق رچرڈ اولسن سنہ 2008 سے 2011 تک متحدہ عرب امارات میں امریکہ کے سفیر رہ چکے ہیں

امریکی محکمۂ خارجہ نے رچرڈ اولسن کو پاکستان اور افغانستان کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق رچرڈ اولسن 17 نومبر سے نئے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

بیان کے مطابق رچرڈ اولسن پاکستان میں امریکہ کے سفیر کے طور پر اپنی سروس مکمل کرنے کے بعد 17 نومبر سے نئی ذمہ داری شروع کریں گے۔

رچرڈ اولسن ایسی پالیسیوں اور پروگرامز لاگو کرنے کے ذمہ دار ہوں گے جو امریکی کی قومی سلامتی کے مفادات کی حمایت کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان میں استحکام اور خوشحالی لانے کا باعث بنیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق رچرڈ اولسن نے گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان میں امریکہ کے سیفر کے طور پر خدمات انجام دیں ہیں۔

رچرڈ اولسن اس سے پہلے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں قائم امریکی سفارت خانے میں سنہ 2011 سے 2012 کے دوران کوآرڈینیٹر ڈائریکٹر فار ڈویلپمینٹ اور اکنامک افیئرز کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق رچرڈ اولسن سنہ 2008 سے 2011 تک متحدہ عرب امارات میں امریکہ کے سفیر رہ چکے ہیں۔