کراچی کی عدالت نے 27 بھارتی ماہی گیروں کو جیل بھیج دیا

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption گرفتار ہونے والے ماہی گیروں کا تعلق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے صوبے گجرات سے ہے

کراچی کی مقامی عدالت نے ان 27 بھارت ماہی گیروں کو جیل بھیجنے کا حکم دیا ہےجن پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہوئے ہیں۔

گرفتار ہونے والے ماہی گیروں کا تعلق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے صوبے گجرات سے ہے۔

ڈاکس پولیس کا کہنا ہے کہ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے بھارتی ماہی گیروں کو دو روز قبل حراست میں لیا تھا جنھیں اتوار کو پولیس کے حوالے کیا گیا۔

بھارتی ماہی گیروں پر پاکستان کی حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے اور مچھلی کے غیر قانونی شکار کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے ماہی گیروں کی گرفتاریاں معمول کی بات ہیں۔

سمندری حدود کا تعین نہ ہونے اور ماہی گیروں کی کشتیوں میں جدید آلات کے فقدان کی وجہ سے ماہی گیروں کو گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دونوں ممالک کے ماہی گیر سزائیں مکمل ہونے کے بعد بھی اس وقت تک رہائی حاصل نہیں کرتے جب تک دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات بہتر نہ ہو جائیں۔

اس کے بعد جذبہ خیر سگالی کے اظہار کے طور پر انھیں آزاد کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ماہی گیروں پر فائرنگ کر کے انھیں گرفتار کیا ہے اور فائرنگ میں ایک ماہی گیر زخمی بھی ہوا ہے۔

تاہم پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے اعلامیے میں اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

اسی بارے میں