مزید 15 شہروں میں پاسپورٹ مراکز کھولنے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے اجرا کے نظام اور ویزا جاری کرنے کے سسٹم کو آن لائن بنایا جائے گا

پاکستان میں وزراتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ تک رسائی کے نظام کو آسان بنانے کے لیے ملک کے 15 شہروں میں ایگزیکٹیو پاسپورٹ دفاتر آئندہ سال ستمبر تک کام کرنا شروع کر دیں گے، جبکہ لاہور، کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں نئے پاسپورٹ دفاتر جنوری سے کھول دیے جائیں گے۔

پیر کو اسلام آباد میں وزارتِِ داخلہ نے گذشتہ ڈھائی برسوں میں مبنی کارکردگی رپورٹ جاری کی، جس کے مطابق پاسپورٹ تک رسائی کے نظام کو آسان بنانے کے لیے موبائل پیغام سروس جیسی سہولیات متعارف کروائی گئی ہیں۔

اسلام آباد، راولپنڈی میں گھر پر پاسپورٹ ڈیلیوری کی سروس شروع

وزراتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ملک کے 73 اضلاع میں علاقائی پاسپورٹ دفاتر کھولنے کی منظوری دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید نظام کے ذریعے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام اور ویزا جاری کرنے کے نظام کو آن لائن بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ قیامِ پاکستان سے اب تک ملک میں مجموعی طور پر پاسپورٹ جاری کرنے کے 95 مراکز بنائے گئے ہیں جبکہ 73 نئے اضلاع میں پاسپورٹ آفس کھولنے سے ملک کے تمام اضلاع میں پاسپورٹ حاصل کرنے کی سہولت موجود ہو گی۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کے حصول کے نظام کو سہل بنانے کے لیے بھی نئے مراکز کھولے جا رہے ہیں۔

پاکستان کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر پاکستان کے 93 بیرون ملک مشنز میں سے 77 مشنز میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ جاری کرنے کی سہولت موجود ہے۔

وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک 16 مشنز میں بھی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ جاری کرنے کا نظام نصب کیا جا رہا ہے جس کی تنصیب آئندہ ماہ تک مکمل ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ چند برس قبل ملک میں پاسپورٹ کے حصول میں عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا تھا اور کئی کئی ماہ تک پاسپورٹ ملتا ہی نہیں تھا لیکن اب نئے مراکز کے قیام سے پاسپورٹ کے حصول کا نظام آسان ہوا ہے۔

وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں گھر پر پاسپورٹ ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اعلان کیا جبکہ پاسپورٹ کی معیاد دس سال تک بڑھا دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب دس دن کے اندر درخواست گزار اپنا پاسپورٹ حاصل کر سکتا ہے۔ ارجنٹ حصول کے خواہشمند چار دن میں پاسپورٹ لے سکتے ہیں۔

اسی بارے میں