بھارتی پرچم لہرانے پر ’ویراٹ کوہلی کا مداح‘ گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پولیس اہلکار کے مطابق عمر دراز کے خلاف 16 ایم پی او اور 123 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پولیس نے ایک شخص کو مکان پر بھارتی پرچم لہرانے پر حراست میں لیا ہے۔

اوکاڑہ کے صدر تھانہ سرکل کے ایک اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بی بی سی اردو کے رضا ہمدانی کو بتایا کہ عمر دراز نامی شخص کو منگل کو گرفتار کیا گیا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ عمر دراز کو منگل ہی کو عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے عمر کا جوڈیشل ریمانڈ دے دیا۔

پولیس اہلکار کے مطابق عمر دراز کے خلاف 16 ایم پی او اور 123 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ عمر دراز نے اوکاڑہ کے ایک گاؤں میں اپنے مکان پر بھارتی پرچم لہرایا ہے جس پر چھاپہ مارا گیا۔

پولیس کے مطابق عمر دراز کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی کے مداح ہیں اور ان کے لیے انھوں نے بھارتی پرچم مکان پر لہرایا۔