’انتہا پسندی کے خلاف عزم جواں ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے ہر کونے سے انتہا پسندی کا خاتمہ کریں گئے۔ یہ بات انھوں نے آج اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلی سطح کے اجلاس میں کہی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ ، فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل رضوان اختر کے علاوہ دیگر سینیئر فوجی اور سیاسی نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا گیا ہے کہ اجلاس میں قومی ایکشن پلان کے مختلف پہلوں پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں کامیابی ہر شخض کے لیے اہم ہے۔

اجلاس میں آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو بھی سراہا گیا۔ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی قربانیوں پر انھیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ انتہا پسندی کے خلاف قومی عزم مضبوط ہے اس لیے ان لوگوں کو شکست ہو گی جو بچوں کو سکول جانے سے روک رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے ہر کونے سے انتہا پسندی کو ختم کیا جائے گا۔

اسی بارے میں