’سبی میں آٹھ عسکریت پسند ہلاک، 12 گرفتار‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی میں سکیورٹی فورسز کے ایک سرچ آپریشن میں حکام نے آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 12 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سنیچر کی شب بلوچستان حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ یہ سرچ آپریشن ضلع کے علاقے سانگان میں کیا گیا۔

ان ذرائع نے بتایا اس علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔

ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم آٹھ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والوں میں عسکریت پسند تنظیم کا ایک اہم کمانڈر بھی شامل تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران 12 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کے علاوہ اس علاقے میں ان کے دو ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔

آزاد ذرائع سے مارے جانے والے افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت اور کسی عسکریت پسند تنظیم سے تعلق کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔

سانگان اور اس سے متصل بولان کے علاقوں کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں سکیورٹی فورسز اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

اسی بارے میں