دو روز کے تعطل کے بعد دوستی بس سروس بحال

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس کی بندش کے بعد پاکستان اور بھارت میں پھنسے مسافروں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا

لاہور سے نئی دہلی کے درمیان دوستی بس سروس دو دن کے تعطل کے بعد بحال ہوگئی ہے۔ بس چلانے والے محکمے پاکستان ٹوارزم ڈویلمپنٹ کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح 25 مسافر دوستی بس کے ذریعے لاہور سے دہلی روانہ ہوئے ہیں۔

لاہور، دہلی بس سروس اور سمجھوتہ ایکپریس کو گذشتہ دنوں بھارتی حکومت کی درخواست پر بند کیا گیا تھا۔ بھارت کے دارالحکومت دہلی سے ملحقہ ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے احتجاج اور پرتشدد ہنگاموں کے باعث وہاں امن او مان کی صورتحال کافی خراب تھی اور بھارت کی حکومت کی جانب سے بس اور ٹرین کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی گئی تھی۔

ان ہنگاموں میں تین دن کے دوران متعدد افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

دوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کی بندش کے بعد پاکستان اور بھارت میں پھنسے مسافروں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ملکوں کی حکومتوں نے دونوں جانب پھنسے مسافروں کے ویزوں میں توسیع کردی تھی۔

تاہم دو روز کے تعطل کے بعد اب لاہور اور دہلی کے درمیان دوستی بس سروس بحال ہوگئی ہے۔

اسی بارے میں