عوام کی صحت ہمارا منشور ہے: نواز شریف

تصویر کے کاپی رائٹ APP
Image caption وزیرِ اعظم کے بقول اسلام آباد اور مظفرآباد میں کامیابی کے بعد اس منصوبے کو پورے ملک میں رائج کیا جائے گا

وزیرِ اعظم نواز شریف نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں قومی صحت پرگرام کے تحت صحت کارڈ تقسیم کرتے ہوئےکہا کہ حکومت غریب لوگوں کو باعزت علاج فراہم کرنا چاہتی ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’عام لوگوں کی صحت ہمارا منشور ہے۔‘

وزیرِ اعظم نواز شریف نے قومی صحت پروگرام کے تحت منعقد کی جانے والی تقریب کے دوران مظفرآباد میں مستحق افراد میں صحت کارڈز تقسیم کیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد اور مظفرآباد میں کامیابی کے بعد اس منصوبے کو پورے ملک میں رائج کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ابتدائی مراحل میں اس منصوبے میں کسی ممکنہ نقص کی بھی نشاندہی ہو جائے گی جسے دور کیا جائے گا۔

اس پروگرام کے تحت کارڈ ہولڈرز مختلف چھوٹی بڑی بیماریوں کا علاج کروا سکیں گے۔ ذیابیطس، گردوں، یرقان ، ایڈز اور کینسر جیسے مہلک امراض کا علاج بھی مفت کروا سکیں گے۔

مستحق افراد کو 3 سے 6 لاکھ روپے کے علاج کی سہولت دستیاب ہوگی۔

وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’ لوگوں کو کسی ناگہانی بیماری کی صورت میں جائیدایں فروخت کرنا پڑ جاتی ہیں۔ کئی لوگ دس دس سال تک علاج نہیں کروا سکتے۔ حکومت غریب لوگوں کو باعزت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔‘

مظفر آباد میں 80 ہزار افراد اس صحت کارڈ سے مستفد ہوں گے۔ اور اس پروگرام کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کوائف ہی استعمال کیے جائیں گے۔

اس موقعے پر انھوں نے مظفرآباد میڈیکل کالج کے لیے 10 کروڑ روپے کے امدادی رقم کا اعلان کیا۔

اسی بارے میں