پشین: پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، اے ایس آئی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پولیس پر ہونے والے اس حملے کی مذمت کی ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں ہونے والے ایک حملے میں پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپیکٹر ہلاک ہوگئے ہیں۔

پشین میں پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ پشین شہر کے علاقے غرشینان میں پیش آیا۔

اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں ایک چیک پوسٹ پر پولیس اہلکار موجود تھے جس پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔

اس حملے کے نتیجے میں پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپیکٹر علی احمد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس اہلکار کے مطابق چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہوا لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس حملے کے محرکات تا حال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

پشین کوئٹہ شہر سے شمال میں اندازے کے مطابق 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس علاقے میں پہلے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

نواب ثناء اللہ خان زہری نے سکیورٹی اہلکاروں کے حوصلے اور عزم کوسراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی قربانیوں کے نتیجے میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔

اسی بارے میں