’ننکانہ میں پولیس سے جھڑپ میں پانچ شدت پسند ہلاک‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption فائرنگ کے تبادلے میں پولیس نے پانچ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کے اہلکاروں سے جھڑپ میں پانچ مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر سنیچر کی شب شاہ کوٹ کے علاقے میں کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب سی ٹی ڈی کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے تو وہاں چھپ شدت پسندوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے تبادلے میں پولیس نے پانچ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ہلاک شدگان کی شناخت تو ظاہر نہیں کی گئی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

خیال رہے کہ یہ گذشتہ تین ماہ میں دوسرا موقع ہے کہ ننکانہ صاحب میں صوبائی محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کی جانب سے کارروائی میں شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

اس سے قبل دسمبر 2015 میں بھی ننکانہ صاحب کے علاقے فیض ٹاؤن میں بھی ایک کارروائی کے دوران پانچ مبینہ شدت پسند مارے گئے تھے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب رہے تھے۔

پولیس نے ان شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور کالعدم لشکر جھنگوی سے بتایا تھا۔

اسی بارے میں