راجن پور: مبینہ پولیس مقابلہ، ’ایک اہلکار ہلاک، پانچ زخمی‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس کے مطابق ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان میں کچے کے علاقے میں مجرمانہ گروہوں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔

نامہ نگار شمائلہ جعفری کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بدھ کو آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار کانسٹیبل قاضی عبید ہلاک جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل حق نواز، کانسٹیبل ایاز، کانسٹیبل سعید (ایلیٹ فورس)، کانسٹیبل امان اللہ اور کانسٹیبل آفتاب زخمی شامل ہیں جنھیں رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

نامہ نگار کے مطابق آئی جی پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا بھی جنوبی پنجاب میں ہی موجود ہیں جبکہ چھوٹو گینگ کے نام سے جانے والے مجرمانہ گروہ کے خلاف اس مشترکہ آپریشن میں پولیس کے ساتھ فوج اور رینجرز بھی حصہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ لاہور کے اقبال پارک میں خود کش حملے کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں اور علاقوں میں فوج نے کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔

پنجاب پولیس کے مطابق یہ آپریشن ڈیرہ غازی خان کے ریجن میں کیا جا رہا ہے جس میں پولیس، ایلیٹ کمانڈوز اور پنجاب رینجرز حصہ لے رہے ہیں اور انھیں پاکستان فوج کا تعاون بھی حاصل ہے۔

ڈیرہ غازی خان ریجن میں جاری آپریشن میں سولہ سو سکیورٹی اہلکلاروں کی مدد سے کارروائی کی جا رہی ہے۔

اسی بارے میں