’فوج ہر سطح پر احتساب کی حمایت کرے گی‘

تصویر کے کاپی رائٹ ISPR
Image caption آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور خوشحالی کے لیے بلاتفریق سب کا احتساب ضروری ہے

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک میں ہر سطح پر احتساب کو ممکن بنانے کے لیے اقدامات کی حمایت کرے گی۔

انھوں نے یہ بات منگل کو کوہاٹ میں فوج کے سگنل رجمنٹ سینٹر کے دورے کے موقعے پر اپنے خطاب میں کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کو ختم کیے بغیر ملک امن و استحکام ممکن نہیں ہے اور مسلح افواج ہر سطح پر احتساب کو ممکن بنانے کے لیے اقدامات کی حمایت کرے گی۔

آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور خوشحالی کے لیے بلاتفریق سب کا احتساب ضروری ہے۔

راحیل شریف کا کہنا تھا کہ فوج کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور ملک میں اُس وقت تک پائیدار امن اور استحکام نہیں لایا جاسکتا جب تک کرپشن کا جڑ سے خاتمہ نہ ہوجائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ قوم کی تائید اور حمایت سے لڑی جا رہی ہے اور ملک کے استحکام، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے بلا امتیاز احتساب انتہائی ضروری ہے.

اسی بارے میں