سکھ کی پگڑی کی ’توہین‘ پر چھ مسلمانوں پر مقدمہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پولیس سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی درخواست پر چھ مسلمانوں کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا ہے۔

پنجاب کے شہر چیچہ وطنی کی پولیس کے مطابق مہندر پال سنگھ نے درخواست میں کہا ہے کہ فیصل آباد سے ملتان کے سفر کے دوران جس بس پر وہ سفر کر رہے تھے اس کی مالک ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین نے ان سے بدسلوکی کی اور اس دوران ان کی پگڑی بھی زمین پر گرا دی گئی۔

درخواست گزار کے مطابق پگڑی کی ان کے مذہب میں بہت اہمیت ہے اور یہ ان کے گرو کی توہین کے مترادف ہے۔

پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ مہندر سنگھ کی درخواست پر نجی ٹرانسپورٹ کمپنی سے منسلک چھ افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 295 اور 506 کے تحت توہینِ مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے بعد چھ میں سے پانچ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

اہلکار کا کہنا ہے کہ زیرحراست ملزمان کو منگل کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

توہین مذہب کا مقدمہ درج کروانے والے مہندر پال سنگھ نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ مسافر بس میں خرابی جھگڑے کی وجہ بنی۔

توہین رسالت کے مقدمے کے وکیل کو دھمکیاں

مہندر پال کے مطابق دو گھنٹے کی تاخیر سے فیصل آباد سے چیچہ وطنی پہنچنے کے بعد جب وہ اور دیگر مسافر بس اڈے کے مینیجر سے شکایت کر رہے تھے تو وہاں اڈے کے مالک کے کچھ ملازمین نے ان سے بدکلامی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جب ہم گاڑی میں چڑھنے لگے تو چار لڑکوں کے ساتھ آ کر مجھ پر حملہ کیا اور میری پگڑی اتار کر نیچے پھینک دی۔‘

مہندر پال کے مطابق جب اس واقعے کے بعد انھوں نے پولیس سے رابطہ کیا تو ابتدائی طور پر وہ ایف آئی آر کاٹنے کو تیار نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال میں انھوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کے مقامی ایم این اے رائے حسن نواز اور میڈیا سے رابطہ کیا اور ان کا دباؤ آیا تو پولیس نے مقدمہ درج کیا۔

مہندر پال سنگھ نے کہا کہ مقدمے کے اندراج کے بعد ان پر پولیس نے دباؤ ڈالنا شروع کیا کہ وہ ملزمان کو معاف کر دیں تاہم ان کی شرط نہ مانی جانے کی وجہ سے انھوں نے مقدمہ واپس نہیں لیا۔

مہندر پال کے مطابق اب وہ کوشش کریں گے کہ مقدمے کو ملتان منتقل کروایا جا سکے کیونکہ چیچہ وطنی میں سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے اس کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اسی بارے میں