لاہور میں مطیع الرحمان نظامی کی غائبانہ نمازِ جنازہ

تصویر کے کاپی رائٹ Abdul Nasir Khan
Image caption غائبانہ نماز جنازہ سے قبل جماعت اسلامی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں بنگلہ دیش میں سزائے موت پانے والے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر مطیع الرحمان نظامی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے نماز جنازہ پڑھائی۔

لاہور کی مال روڈ پر مسجد شہداء کے سامنے منعقدہ نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ غائبانہ نماز جنازہ سے قبل جماعت اسلامی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جس میں شرکانے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں حکومت پاکستان کے خلاف نعروں پر مشتنمل بینربھی دیکھے گئے۔

شرکا سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ سنہ 1971ء میں مشرقی پاکستان میں عیلحدگی کی تحریک کی مخالفت کرنے اور افواج پاکستان کا ساتھ دینے پر جماعت اسلامہ بنگلہ دیش کے راہنماؤں کو دی جانے والی موت کی سزاؤں پر حکومت پاکستان کی خاموشی مجرمانہ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Abdul Nasir Khan
Image caption سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر اس پر آواز اٹھائے

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ حکومت پاکستان بے حسی کا شکار ہے اور عالمی برادری اپنا فرض نبھانے میں ناکام رہی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر اس پر آواز اٹھائے۔

انھوں نے مطالبہ کیا اقوام متحدہ، اسلامی کانفرنس اور دیگر عالمی برادری بنگلہ دیش میں جاری جنگی جرائم ٹریبونل کی جانب سے دی جانے والی سزاؤں کے خلاف آواز اٹھائے اور یہ سلسلہ روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مطیع الرحمان نظامی کو سزائے موت دیے جانے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے بھی پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرائی ہے۔ قرارداد اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے جمع کرائی ہے جس میں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے قائدین کو دی جانے والی پھانسیوں کی مذمت کی گئی جبکہ اس پر حکومت پاکستان کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پھانسیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈکروائے۔

اسی بارے میں