پاکستان چین آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے کا سنگ بنیاد

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نواز شریف نے گلگت میں گلگت بلتستان سی پیک پٹرولنگ پولیس کا افتتاح کیا ہے

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے گلگت میں پاکستان چین آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے۔

جمعرات کو سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کی مواصلاتی ترقی اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے گلگت بلتستان میں ملک کے دوسرے حصوں کی طرح تھری جی اور فور جی کی سہولیات میسر ہوں گی۔

پاک چین آپٹیکل فائبر کیبل منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا اور اس پر چار کروڑ 40 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔

شمالی علاقوں میں مواصلات کا خصوصی ادارہ راولپنڈی سے خنجراب تک 820 کلومیٹر طویل کیبل بچھائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے دورہ گلگت کے دوران گلگت بلتستان کونسل کے نئے منتخب ارکان سے حلف بھی لیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے قراقرم یونیورسٹی کے لیے 20 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔

اس سے قبل نواز شریف نے گلگت میں گلگت بلتستان سی پیک پٹرولنگ پولیس کا افتتاح کیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق تین سو اہلکاروں پر مشتمل پٹرولنگ پولیس گلگت بلتستان میں راہداری منصوبے کے 439 کلو میٹر طویل حصے پر ٹریفک کی محفوظ اور بلاتعطل روانی یقینی بنانے میں مدد دے گی۔

اسی بارے میں