کوئٹہ میں بم دھماکے سے ایک پولیس اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ khair muhammad

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔

بم کا دھماکے کا یہ واقعہ جمعرات کو شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں پیش آیا۔

سریاب پولیس کے ایس پی ظہور آفریدی نے جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے بھوسہ منڈی کے قریب سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔

دھماکہ خیز مواد کو اس وقت اڑایا گیا جب بلوچستان کانسٹیبلری کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

دھماکے سے گاڑی بری طرح سے متاثر ہوئی جبکہ اس میں سوار ایک اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ایس پی سریاب کے مطابق دھماکے کے لیے چار سے پانچ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

رواں ماہ کے دوران کوئٹہ شہر میں بم دھماکے کا یہ تیسرا واقعہ ہے جن میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور 13 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

ان بم دھماکوں کے بظاہر ٹارگٹ پولیس اہلکار تھے۔

رواں سال کے دوران بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے دیگر واقعات میں 22 سے زیادہ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے کوئٹہ شہر میں بھی بم دھماکوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں لیکن سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں ان میں کمی آئی ہے۔

اسی بارے میں