لاہور میں بارش کے بعد دیوار گرنے سے چھ افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption لاہور میں اس سے پہلے بھی عمارتوں کے منہدم ہونے کے نتیجے میں ہلاکتوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں( فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مزدوروں کی خیموں پر دیوار گرنے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔

سرکاری امدادی ادارے ریسکیو 1122 نے بی بی سی کو بتایا کہ لاہور کے رنگ روڑ پر قائداعظم انٹرچینج کے قریب یہ حادثہ پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً تین بجے پیش آیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق رنگ روڑ کے قریب ایک کمپنی کے تعمیراتی کیمپ میں مزدور خیموں میں سو رہے تھے کہ بارش کی وجہ سے قریبی عمارت کی دیوار منہدم ہو کر خیموں پر آ گری۔

حکام کے مطابق اس حادثے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق تعمیراتی کمپنی اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں شامل ہے اور مصنوبے میں کام کرنے والے مزدور زیر تعمیر گودام کی دیوار کے ساتھ خیموں میں سو رہے تھے کہ دیوار منہدم ہو گئی۔

خیال رہے کہ لاہور میں اس سے پہلے بھی عمارتیں منہدم ہونے کے نتیجے میں ہلاکتوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

گذشتہ برس نومبر میں لاہور میں ایک فیکٹری کی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ماہرین کے مطابق تعمیراتی منصوبوں میں مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ایسے حادثات پیش آتے ہیں۔

اسی بارے میں