میر خالد لانگو مزید 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کو مزید 14روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے انھیں بدھ کو 14 روزہ نیب کے حوالے کیا۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق میر خالد لانگو کو بدعنوانی کے مقدمے میں گذشتہ مہینے گرفتار کیا گیا تھا۔

٭بلوچستان کے سابق مشیرِ خزانہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

٭ بلوچستان میں مشیرِ خزانہ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار

سابق مشیر کو نیب نے اس مقدمے میں تحقیقات کے سلسلے میں تین مرتبہ سمن جاری کیے تھے لیکن وہ پیش نہ ہوئے، جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

میر خالد لانگو نے اس مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے جو حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی اس کی توثیق اور ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے انھوں نے بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ہائی کورٹ نے ان کی دونوں درخواستوں کو منظور نہیں کیا، جس کے بعد انھیں نیب کے اہلکاروں نے گرفتار کیا اور احتساب عدالت کوئٹہ میں پیش کیا گیا۔

نیب حکام نے بلوچستان میں بدعنوانی کے اس بڑے مقدمے میں اب تک 65 کروڑ اور76 لاکھ روپے برآمد کیے ہیں۔

ان میں سے65 کروڑ 18 لاکھ روپے سابق سیکریٹری خزانہ کے گھر سے جبکہ 57 لاکھ روپے ایک بیکری سے برآمد کیے گئے۔

میر خالد لانگو کا تعلق بلوچستان کی مخلوط حکومت میں شامل بلوچ قوم پرست جماعت نیشنل پارٹی سے ہے۔

بلوچستان کی موجودہ حکومت میں وہ پہلے حکومتی رکن اسمبلی ہیں جن کی بدعنوانی کے مقدمے کے حوالے سے گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

واضح رہے کہ سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد میر خالد لانگو نے تحقیقات مکمل ہونے تک اپنے عہدے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

اسی بارے میں