کراچی میں مسجد کا شیڈ گرنے سے پانچ نمازی ہلاک

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

کراچی میں ناظم آباد کے علاقے میں واقع مسجد عثمان غنی میں نمازِ جمعہ کے دوران لوہے کا شیڈ گرنے سے کم از کم پانچ نمازی ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوگئے۔

یہ واقعہ ناظم آباد کے علاقے بلاک ایچ لنڈی کوتل چوک کے قریب واقع مسجد عثمان غنی میں پیش آیا۔

حیدری پولیس کا کہنا ہے کہ نماز کے دوران دھوپ سے بچنے کے لیے مسجد میں لوہے کی چادر سے سائے کا انتظام کیا گیا تھا جس میں پنکھے بھی لگے ہوئے تھے۔

جمعے کو یہ شیڈ دھماکے سے اس وقت زمین پر آ گرا جب مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

نمازیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا اور عباسی شہید ہپستال منتقل کیا۔

ہپستال کے حکام نے پانچ نمازیوں اور 15 دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھی بھاری نفری پہنچ گئی اور مسجد کو بند کر دیا۔

مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد توسیع کے لیے زیر تعمیر تھی۔