اطالوی کوہ پیما لیلیٰ چوٹی سے گر کر ہلاک

اطالوی کوہ پیما لیوناردو کومیلی دو روز قبل بلتستان میں واقع لیلیٰ چوٹی سے سکیئنگ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے ہیں۔

لیلیٰ چوٹی کی بلندی 6096 میٹر (20 ہزار فٹ) ہے اور اس کا ایک حصہ 45 ڈگری کی ڈھلوان پر مشتمل ہے جس کی اونچائی ڈیڑھ کلومیٹر کے لگ بھگ ہے۔ 27 سالہ کومیلی اسی ڈھلوان سے سکیئنگ کرتے ہوئے نیچے آنے کی کوشش کے دوران توازن کھو کر گر پڑے۔

ان کے دیگر ساتھی محفوظ رہے۔

چار ارکان پر مبنی یہ اطالوی ٹیم مئی میں پاکستان پہنچی تھی اور اس کا ہدف لیلیٰ چوٹی کی شمالی سمت سے سکیئنگ کرتے ہوئے اترنا تھا۔ اس سے پہلے اس چوٹی سے سکیئنگ کی کوشش ناکام رہی ہیں۔

ٹیم نے پہلے چوٹی سر کرنے کی کوشش کی لیکن انھیں خراب موسم کی وجہ سے چوٹی سے صرف ڈیڑھ سو میٹر نیچے سے مزید اوپر جانے کا ارادہ ترک کرنا پڑا۔

اطلاعات کے مطابق سکیئنگ کے دوران کومیلی توازن کھو بیٹھنے سے چار سو میٹر نیچے گر پڑے جس سے ان کی فوری طور پر موت واقع ہو گئی۔

کومیلی کا تعلق اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے مگیا سے تھا اور انھوں نے 16 برس کی عمر ہی سے کوہ پیمائی شروع کر دی تھی۔

ایک عمدہ پہاڑی سکیئر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک اچھے فوٹوگرافر بھی تھے۔

اسی بارے میں