کرپشن کیس: خالد لانگو کے ریمانڈ میں مزید توسیع

Image caption عدالت نے نیب کی درخواست پر میر خالد لانگو کے ریمانڈ میں مزید 14یوم کی توسیع کر دی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کے سابق مشیر برائے خزانہ میر خالد لانگو کے ریمانڈ میں احتساب عدالت نے مزید 14 روز کی توسیع کر دی ہے۔

یہ مقدمہ محکمہ بلدیات کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر خورد برد کے حوالے سے قائم کیا گیا ہے۔

٭ میر خالد لانگو مزید 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

٭بلوچستان کے سابق مشیرِ خزانہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

گذشتہ ریمانڈ کے خاتمے پر نیب حکام خالد لانگو کو بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لائے۔

نیب حکام نے احتساب عدالت سے درخواست کی کہ انھیں میر خالد لانگو سے مزید تحقیقات کرنی ہیں۔

عدالت نے نیب کی درخواست پر میر خالد لانگو کے ریمانڈ میں مزید 14یوم کی توسیع کر دی۔

بدعنوانی کے اس مقدمے میں چند روز بیشتر بھی ایک اہم گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ یہ گرفتاری ضلع قلات کی میونسپل کمیٹی خالق آباد کے سابق ایڈمنسٹریٹر سید سلیم شاہ کی تھی جنھیں سندھ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

اس مقدمے میں مجموعی طور پر اب تک سات ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جن میں میر خالد لانگو اور سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی بھی شامل ہیں۔

نیب نے اس مقدمے کے حوا لے سے مشتاق رئیسانی کے گھر اور ایک بیکری سے 65 کروڑ 75 لاکھ روپے برآمد کیے تھے۔

گذشتہ تین روز کے دوران نیب حکام نے کراچی میں سابق سیکریٹری خزانہ اور سابق ایڈمنسٹریٹر سلیم شاہ کے پانچ مکانات پر بھی چھاپے مارے تھے۔

نیب کے ذرائع کے مطابق وہاں سے مرسڈیز اور ہنڈا کار کے علاوہ اہم دستاویزات اور دیگر قیمتی اشیا قبضے میں لی گئی تھیں۔

اسی بارے میں