کوئٹہ میں دھماکہ، تین افراد ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم کے ایک دھماکے میں کم ازکم تین افراد ہلاک اور 33 زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ جمعے کو ایئرپورٹ روڈ کے مصروف ترین علاقے عالمو چوک پر پیش آیا۔

* بلوچستان: پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت پانچ ہلاک

* کوئٹہ میں دھماکہ، دو پولیس اہلکار ہلاک

* کوئٹہ میں دھماکہ، پانچ پولیس اہلکار زخمی

ایئر پورٹ روڈ پولیس سٹیشن کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ایک سائیکل پر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اسے عالمو چوک پر کھڑا کیا تھا۔

اہلکار کے مطابق دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے کم از کم تین افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوئے۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور اس میں کم از کم تین سے چار کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

ایئر پورٹ روڈ کا شمار کوئٹہ کی اہم اور مصروف ترین شاہراہوں میں ہوتا ہے۔

ایئر پورٹ روڈ بالخصوص عالمو چوک پر پہلے بھی بم دھماکوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے نوتال میں تھانے کے اندر دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایڈیشنل ایس ایچ او ہلاک جبکہ ایس ایچ او سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

اسی بارے میں