’پاکستان گولن کے تحت چلائے جانے والے ادارے بند کرے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان میں ترکی کے سفیر نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان امریکہ میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹنے والے مبلغ فتح اللہ گولن کے تحت چلائے جانے والے تمام اداروں کو بند کرے گا۔

ترک حکام فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کا الزام فتح اللہ گولن پر دیتے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ترکی کے سفیر صادق بابر نے ترکی میں ہونے والی پیش رفت پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انقرہ نے دوست ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ممالک میں گولن گروپ کی سرگرمیوں کو روکیں۔

بغاوت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ترک حکومت کے پاس ٹھوس شواہد ہیں کہ فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے پیچھے گولن تحریک تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گولن کے زیر انتظام پاک ترک سکول چل رہے ہیں۔

ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان میں گولن کے تحت چلائے جانے والے اداروں کے حوالے سے ترک حکومت پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔

ترک سفیر نے مغرب کے دوہرے معیار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس روز ترک پارلیمنٹ نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا اسی روز فرانس میں عائد ایمرجنسی کی مدت میں اضافہ کیا گیا لیکن وہ ترکی کے اقدام پر تنقید کر رہا ہے۔