تربت سے دو افراد کی لاشیں برآمد

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption لیویز حکام کے مطابق دونوں افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیاگیا (فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق لیویز حکام کو تربت کے علاقے شہرگ میں دو لاشوں کی اطلاع ملی تھی۔

نامہ نگار کا کہنا ہے کہ لیویز حکام کے مطابق دونوں افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔

لیویز حکام کے مطابق دونوں افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع ساہیوال سے ہے اور ان کے شناخت عبدالطیف اور نوید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

تاحال ان افراد کے قتل کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے اور نہ ہی اس بارے میں معلومات ہیں یہ افراد یہاں کب آئے تھے اور کیا کر رہے تھے تاہم حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران کی سرحد سے متصل ضلع کیچ کا شمار صوبے کے شورش زدہ علاقوں میں ہوتا اور ماضی میں بھی یہاں تشدد زدہ لاشیں ملنے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

چند روز قبل کیچ میں ہی جمیعت علمائے اسلام کے ضلعی امیر مفتی احتشام الحق کو ان کے بیٹے سمیت ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں نامعلوم افراد نے ہلاک کر دیا تھا۔

گذشتہ ماہ ضلع کیچ کے علاقے کپکپار کراس سے تین افراد کی تشددزدہ لاشیں بھی برآمد ہوئی تھیں۔

اسی بارے میں