شیخوپورہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ’سات شدت پسند ہلاک‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں محکمۂ انسداد دہشت گردی پولیس نے ایک کارروائی میں سات مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

لاہور سے صحافی عبدالناصر کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب میں شیخوپورہ کے علاقے پریاں والا میں کی گئی جہاں پولیس نے ریلوے پھاٹک کے قریب کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکر جھنگوی کے نو سے دس دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ان شدت پسندوں نے شہر میں اہم تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ جب پولیس انھیں گرفتار کرنے کے لیے وہاں پہنچی تو انھیں ازخود گرفتاری دینے کا کہا گیا لیکن انھوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس فورس نے بھی اپنے دفاع میں فائرنگ کی تاہم فائرنگ کا سلسلہ جب تھم گیا تو پولیس کو موقع سے سات شدت پسندوں کی لاشیں ملیں جو ترجمان کے بقول ان کے اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے تھے جبکہ دیگر دو یا تین شدت پسند فرار ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے پانچ کلو گرام دھماکہ خیز مواد، دو ڈیٹونیٹر، تین موٹر سائیکلیں، تین کلاشنکوفیں، چار پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

اسی بارے میں