سارک کانفرنس، راج ناتھ سنگھ کی اسلام آباد آمد

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption راج ناتھ سنگھ جمعرات کو ہونے والے سارک وزرائے داخلہ کے اجلاس شرکت کریں گے

انڈیا کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جمعرات کو منعقد ہونے والی سارک وزرا داخلہ کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ بدھ کی شام دارالحکومت اسلام آباد پہنچے جہاں ڈی جی سارک، انڈین ہائی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام نے ائیر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

٭ اسلام آباد:سارک ممالک کے سیکریٹری داخلہ کا اجلاس

٭ ’راج ناتھ سارک میں شرکت کریں گے دوطرفہ ملاقات نہیں‘

سارک وزرائے داخلہ کا ایک روزہ اجلاس جمعرات کو منعقد ہونا ہے۔

اس سے قبل بدھ کے روز جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کی تنظیم سارک کے رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کے اجلاس سے قبل ان ممالک کے سیکریٹری داخلہ کا اجلاس منعقد ہوا۔

راج ناتھ سنگھ کی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آمد پر بعض مذہبی جماعتوں نے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

ان کے دورۂ پاکستان کی مخالفت صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ انڈیا میں بھی منگل کو سخت گیر ہندو تنظیم ’ہندو ‎سینا‘ کے کارکنوں نے وزیر داخلہ کے دورۂ پاکستان کے خلاف پارلیمان کے باہر احتجاج کیا تھا۔

سارک کے وزرائے داخلہ کے اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی سکیورٹی کے موضوع پر گفتگو ہونی ہے لیکن تمام نظریں ایک مرتبہ پھر پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشمیر میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کسی دو طرفہ ملاقات کے امکان پر لگی ہیں۔

خیال رہے کہ انڈیا کے دفتر خارجہ نے گذشتہ دنوں ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پاکستان میں ہونے والے سارک اجلاس میں شرکت کریں گے تاہم پاکستانی حکام سے دو طرفہ ملاقات نہیں ہو گی۔

انڈین دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’میں اس بات کو بالکل واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ وزیر داخلہ سارک اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔ ان کی پاکستان (حکام) سے دوطرفہ ملاقات نہیں ہونی۔‘

اسی بارے میں