باجوڑ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں فوجی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گذشتہ ماہ سلارزئی کے علاقے میں ہی دو مبینہ شدت پسند رات کی تاریکی میں سڑک کے کنارے دھماکہ خیز نصب کرتے ہوئے اسی مواد کے پھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق ایک سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ یہ واقعہ جمعے کی صبح باجوڑ ایجنسی کے علاقے سالارزئی میں پیش آیا۔

٭آپریشن راجگل کے تیسرے روز 11 شدت پسند ہلاک

٭ قبائلی ملک کی گاڑی پر حملہ، دو ہلاک

دھماکے کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ زخمی ہونے والے افراد کا تعلق بھی سکیورٹی فورسز سے ہے یا نہیں۔

یہ قبائلی علاقہ جات میں گذشتہ تین دن میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دوسرا واقعہ ہے۔

بدھ کوخیبر ایجنسی کی وادی راجگل میں جاری فوجی آپریشن کے دوران ایسے ہی ایک دھماکے میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔

باجوڑ کا علاقہ سالارزئی ماضی میں بھی بارودی سرنگ کے دھماکوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔

گذشتہ ماہ بھی اسی علاقے میں دو مبینہ شدت پسند رات کی تاریکی میں سڑک کے کنارے دھماکہ خیز نصب کرتے ہوئے وہ مواد پھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔

باجوڑ ایجنسی میں سنہ 2009 میں ہونے والی فوجی کاروائیوں کے بعد شدت پسندوں کو علاقے سے بے دخل کیاگیا تھا اور بتایا جاتا ہے کہ باجوڑ کے بیشتر شدت پسند سرحد پار افغان علاقوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں