کوئٹہ میں قربانی کا گوشت برائے فروخت

عید الاضحیٰ پر قربانی کاگوشت مفت تقسیم کیا جاتا ہے لیکن پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں عید الاضحیٰ پر قربانی کا گوشت فروخت بھی ہوتا رہا۔

شہر میں قربانی کا گوشت فروخت کرنے کا مرکز باچا خان چوک بنا جہاں وہ لوگ قربانی کا گوشت خریدنے کے لیے آتے رہے جوقربانی کے جانور خرید نہیں سکے۔

باچا خان چوک پر قربانی کے گوشت فروخت کرنے والوں میں وہ غریب لوگ شامل تھے جنھوں نے دن بھر گھروں سے گوشت اکٹھا کیا تھا۔

گوشت فروخت کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ وہ غریب آدمی ہیں۔ وہ مفت ملنے والے گوشت کو کھانے کی بجائے فروخت کر رہے ہیں تاکہ انھیں کچھ پیسے مل سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس آمدنی سے ان کے گھر کا دس پندرہ دن کا خرچہ نکل سکتا ہے۔

ایک خریدار نے بتایا کہ وہ قربانی نہیں کر سکے۔ چونکہ ان کے بچے گوشت مانگ رہے تھے اس لیے وہ باچا خان چوک پر گوشت خریدنے آئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other

خریدار کا کہنا تھا کہ یہاں سستا گوشت مل رہا ہے اس لیے وہ اپنے بچوں کے لیے یہاں سے گوشت خرید سکتے ہیں۔

باچاخان چوک پر فروخت ہونے والا گوشت ناپ تول کے بغیر بکتا رہا۔

جہاں قربانی کے یہ گوشت فروخت کرنے والوں کے لیے آمدنی کا ذریعہ بنا، وہاں وہ لوگ بھی سستے گوشت سے مستفید ہوتے رہے جو قربانی نہیں کر سکے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں