http://www.bbc.com/urdu/

Wednesday, 05 January, 2005, 16:58 GMT 21:58 PST

مبشر زیدی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

مذہب کا خانہ، اعلیٰ کمیٹی قائم

وفاقی کابینہ نے بدھ کو مشین کے ذریعے پڑھے جانے والے نئے پاسپورٹ میں مذہب کا خانہ شامل کرنے یا حذف کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو کابینہ کے اگلے اجلاس تک اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔

وفاقی وزیراطلاعات شیخ رشید نے کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سینیئر وزیر راؤ سکندر اقبال کی سربراہی میں قائم کی گئی اس کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اعجاز الحق کو اس لیے شامل نہیں کیا گیا کیونکہ ان دونوں کی اس معاملے پر رائے سامنے آ چکی ہے۔

واضح رہے کہ آفتاب شیرپاؤ نے نئے پاسپورٹ میں کسی بھی تبدیلی کے امکان کو مسترد کیا تھا جبکہ اعجازالحق کا کہنا ہے کہ نئے پاسپورٹ میں مذہب کا خانہ شامل کیا جائے گا۔

مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت پہلے ہی کہ چکے ہیں کہ نئے پاسپورٹ میں مذہب کا خانہ شامل کیا جانا چاہئیے۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت کی رائے کا احترام کیا جائے گا۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اب تک اسی ہزار سے زائد پاسپورٹ جاری کئے جا چکے ہیں اور اس معاملے پر حتمی فیصلے سے قبل ان پاسپورٹوں کو جاری کرنے کا عمل روکا نہیں جائے گا۔

کابینہ کے دیگر فیصلوں کے بارے میں شیخ رشید نے بتایا کہ سات جنوری کو وزیر اعظم شوکت عزیز کی ہدایت پر ملک بھر میں سونامی سے متاثرہ جنوبی ایشیائی ممالک کے عوام کے لئے یوم دعا منایا جائے گا۔

کابینہ نے ہیپیٹائٹس بیماری کے خاتمے کے لئے وزارت صحت کو چھ ہفتے میں ایک ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے علاوہ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سال پاکستان میں کپاس کی فصل توقع سے کہیں زیادہ ہوگی اور پیداوار اپنے ہدف سے تیس لاکھ گانٹھ زیادہ ہو گی۔ اسی طرح گندم کی فصل بھی اپنے ہدف کو حاصل کر لے گی جس کی بڑی وجہ ملک میں حالیہ بارشیں ہیں۔

کابینہ کو اگلے ہفتے بین الاقوامی مارکیٹ میں جاری کئے جانے والے اسلامی بانڈ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

سیاسی سورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین کے ساتھ رابطے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان رابطوں میں بہتری آئے گی۔

آصف زرداری کی وطن واپسے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ زرداری وطن واپس آئیں گے کیونکہ وہ پی پی پی کی مستقبل کی قیادت ہیں۔

پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو سعودی عرب سے امریکہ میں علاج کے لئے جانے کے لئے نئے پاسپورٹ کے اجراء سے متعلق ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کو نہ شہباز شریف اور نہ ہی سعودی حکومت کی جانب سے کوئی درخواست موصول ہوئی ہے۔