http://www.bbc.com/urdu/

Sunday, 17 July, 2005, 20:40 GMT 01:40 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی: اعظم طارق کا بھتیجا ہلاک

پاکستان میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک کالعدم مذہبی تنظیم کے مقتول رہنما اعظم طارق کا بھتیجا ہلاک ہوگیا۔ اور ان کے بڑے بھائی زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اتوار کی شب نامعلوم افراد نے کراچی وسطی کے علاقے ڈی سی آفس کے قریب مولانا محمود احمد مدنی اور ان کے بیٹے پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ان کا بیٹا بائیس سالہ عبداللہ مدنی ہلاک ہوگیا۔ جب کہ مولانا محمود احمد مدنی کو زخمی حالت میں شہید عباسی اسپتال پہنچایا گیا۔

مولانا محمود احمد مدنی بفر زون کے علاقے میں واقع مدرسہ محمودیہ مدنیہ کے مہتمم ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مولانا مدنی مولانا اعظم طارق کے سوتیلے بھائی ہیں۔

کالعدم مذہبی جماعت سپاہ صحابہ کے سربراہ مولانا اعظم طارق کو اکتوبر دو ہزار تین میں اسلام آباد میں چار محافظوں سمیت اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔