http://www.bbc.com/urdu/

Thursday, 23 February, 2006, 17:48 GMT 22:48 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

روضہِ عسکری میں دھماکے پر احتجاج

پاکستان میں شیعہ تنظیموں نے عراق میں روضہِ عسکری میں دھماکے اور ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

روضہِ عسکری پر دھماکے کے خلاف جمعے کو یوم سیاہ منایا جائیگا۔

کراچی میں جمعرات کی شام امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس نے گورنر ہاؤس کے قریب دھرنا دیا۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی جن کے سروں پر کلمہ طیبہ کی پٹی بندہی ہوئیں تھیں۔

مظاہرین اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

شیعہ علما کونسل، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے اور اسے مسلم امت کے یکجہتی کے خلاف سازش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں حماس کی فتح نے استعمار کو برہم کردیا ہے۔ کبھی وہ شان رسالت میں کارٹون شائع کروا رہا ہے تو کہیں ہنگو اور سمارا واقعات کروا کر مسلمانوں کو باہمی دست و گریباں کر رہا ہے۔

شیعہ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ جمع کے روز یوم سیاہ منایا جائیگا جلوس اور ریلیاں نکالی جائینگی۔ انہوں نے پاکستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ سمارا واقعے کی مذمت کی جائے۔