![]() | ![]() | ![]() | ![]() | ![]() | ![]() | ![]() | |||||||||||||||||||||||||||||||||||
![]() | ![]() | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
’پاک فضائیہ میں لمبی داڑھی نہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی وزارت دفاع کے پارلیمانی سیکریٹری میجر ( ر) سید تنویر حسین گیلانی نے پیر کے روز قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ میں لمبی داڑھی رکھنے پر پابندی ہے۔ انہوں نے حزب مخالف کی جانب سے پیش کردہ تحریک التوا کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایئر فورس میں چھوٹی داڑھی رکھنے پر کوئی پابندی نہیں لیکن ضابطۂ اخلاق کے مطابق لمبی داڑھی رکھنے پر پابندی ہے۔ حزب مخالف نے اپنی تحریک التوا میں ایک ماہانہ جریدے ’ہیرالڈ‘ میں چھپنے والی اس خبر کا حوالہ دیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے پانچ افسران کے خلاف داڑھی رکھنے کی بنا پر کارروائی کی گئی ہے۔ مذہبی جماعتوں کے اتحاد کے رہنما لیاقت بلوچ اور دیگر نے کہا کہ پاکستان اسلامی ملک ہے اور داڑھی رکھنے کی بنا پر کسی کو ملازمت سے برطرف کرنا اسلامی اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے ایوان میں کہا کہ محسن حیات رانجھا کو جبری ریٹائر کیا گیا ہے اور چار دیگر فلائیٹ لیفٹیننٹ کے عہدے والے افسران کو ’گراؤنڈ‘ کردیا ہے اور انہیں بھی ملازمت سے فارغ کرنے کی کارروائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے سکواڈرن لیڈر عاطف کو قرآن کا اردو ترجمہ ساتھیوں کو تحفے میں دینے پر جبری ریٹائر کیا گیا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ محسن حیات رانجھا نے لمبی داڑھی رکھی تھی اور انہیں جب اپنی داڑھی چھوٹی کرانے کا کہا گیا تو انہوں نے عمل نہیں کیا اور دیگر پائلٹوں کو بھی لمبی داڑھیاں رکھنے پر اکسایا اور متعلقہ حکام نے خلاف ورزی کرنے والے پانچ ملازمین کے خلاف کارروائی کی۔ پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ لمبی داڑھی پائلٹ کے لیئے خطرہ ہوتی ہے، اس سے جہاں جہاز تباہ ہوسکتا ہے اور پائلٹ بھی ہلاک ہوسکتا ہے۔ سپیکر چودھری امیر حسین نے اس بارے میں وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شیرافگن نیازی سے رائے معلوم کی تو انہوں نے کہا کہ ایوان میں اس معاملے پر بحث نہیں کی جائے اور لیاقت بلوچ اور پارلیمانی سیکریٹری آپس میں بات کریں اور ایئر فورس حکام سے اس بارے میں ضروری اقدامات کے لیئے کہا جائے۔ ان کی تجویز پر سپیکر نے تحریک التوا کے بارے میں اپنا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سید تنویر حسین سے کہا کہ وہ لیاقت بلوچ سے بات کریں۔ بعد میں بی بی سی بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے بتایا کہ محسن حیات رانجھا امریکہ سے خصوصی کورس کرکے آئے ہیں اور وہاں انہوں نے اپنی داڑھی کے ساتھ طیارہ اڑایا اور کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسلامی سوچ رکھنے والوں کو فوج میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ نے بھی اپنے ایک ملازم آفتاب انصاری کو داڑھی منڈوانے کا حکم دیا تھا اور انہوں نے بھارتی پنجاب کی ہائی کورٹ میں اُسے چیلنج کیا تھا اور عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ | ![]() اسی بارے میں ![]() 10 March, 2005 | پاکستان ![]() 03 December, 2005 | پاکستان ![]() 23 October, 2005 | پاکستان ![]() 18 December, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|