http://www.bbc.com/urdu/

ریاض سہیل
بی بی سی، اردو ڈاٹ کام، کراچی

’بچہ گود سے گرا اور بھگدڑ مچ گئی‘

کراچی میں فیضان مدینہ میں ایک بچے کے گرنے کے بعد اچانک چیخوں کی آواز سے خواتین میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ ایک ہی دروازے سے باہر نکلنے کی کوشش میں دوسری خواتین کو روندتی رہیں۔

لیاقت ہسپتال میں زیرِعلاج صبا نے بتایا کہ’ ہم دعا مانگنے کے بعد جیسے ہی ہال سے باہر نکلے تو جوتی پہنتے ہوئے ایک عورت کی گود سے بچہ گرگیا وہ اسے اٹھانے کے لیئے جھکی تو پیچھے سے دھکا لگنے سے وہ گرگئی اور پیچھے آنے والی خواتین اس کے اوپر سے گزرگئیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ اچانک چیخوں سے بھگدڑ مچ گئی، وہ خود بھی گرگئیں اور انہیں ہسپتال میں ہوش آیا ہے۔

حفیظاں نے بتایا کہ وہ اولاد کے لیئے دعا مانگنے آئیں تھیں کہ اچانک ایسے چیخوں کی آواز آئی جیسے زلزلہ آگیا ہو اور ہر کوئی اپنی جان بچانے کو دوڑ رہا ہو۔انہوں نے بتایا کہ وہ بھی اس بھگدڑ میں گرگئیں اور دیگر خواتین ان کے اوپر سے گزرتی رہیں۔

ایک اور زخمی خاتون عائشہ کا کہنا تھا کہ وہ فیضان مدینہ میں دعا مانگنے آئیں تھیں، جیسے ہی اجتماع ختم ہوا اور ہال میں سے خواتین باہر نکلنا شروع ہوئیں تو آواز آئی کہ ’رکو۔۔رکو‘۔۔ جس کے بعد چیخوں کی آوازیں آنے شروع ہوئیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے خواتین کو روکنے کی کوشش کی مگر مجھے پیچھے سے دھکا لگا اور میں گرگئی۔ اس دوران چار پانچ خواتین میرے اوپر سے گزرگئیں اور میری سانس رکنے لگی، میں بڑی مشکل سے ایک طرف ہوئی۔‘

واضح رہے کہ دعوت اسلامی کی جانب سے انیس سو نوے میں فیضان مدینہ تدریسی سینٹر قائم کیا گیا جہاں خواتین اور مردوں کو مذہبی درس دیا جاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہر اتوار کو ظہر سے عصر تک خواتین اور ہر جمعرات کو مغرب سے فجر تک مردوں کو درس دیا جاتا ہے۔