بھارت میں نوٹوں کی تبدیلی کا فائدہ کس کو

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ہزار کے نوٹ بند کر کے نئے نوٹ جاری کیے جا رہے ہیں

ہزار اور پانچ سو کے کرنسی نوٹ کو ختم کر کے کرنسی کے بغیر لین دین کا انتظام کرنے والی کمپنی پےٹي ایم، کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ پے ٹی ایم کے ذریعے لوگ بغیر کسی چارج کے موبائل سے ہی اپنے تمام بلوں کی ادائیگی ،شاپنگ اور تمام اخراجات کر سکتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ facebook
Image caption یہ کمپنی بغیر نعد کے لین دین میں مدد کرتی ہے

گزشتہ 48 گھنٹوں سے اخباروں کے صفحات پر ان کے بڑے اشتہار بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ facebook
Image caption نوٹ بند ہونے کے اعلان کے دوسرے ہی دن یہ اشتہار اخبارات میں شائع ہونے لگے

پےٹي ایم نے اپنے اشتہارات میں مودی کی تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور لکھا، 'اب اے ٹی ایم نہیں پےٹي ایم کرو'۔

ان اشتہارات پر دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال نے کہا،' اس فیصلے کا سب سے بڑا فائدہ پےٹي ایم کو ہوگا فیصلے کے اگلے دن ہی وزیر اعظم اشتہار میں دکھائی دے رہے ہیں'۔

ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے لکھا، 'شرم کی بات ہے، کیا لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے وزیر اعظم کسی نجی کمپنی کے اشتہار میں آئیں۔ کل اگر یہ کمپنیاں کچھ غلط کرتی ہیں تو ان کے خلاف کون کارروائی کرے گا'۔

دلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے پوچھا کہ پی ٹی ایم کو اپنے اشتہار میں وزیراعظم کی تصویر کے استعمال کی اجازت ایک ہی دن میں کیسے مل گئی۔ اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم ریلائنس جیسی سِم کے بعد اب پے ٹی ایم کے برانڈ امبیسڈر ہیں۔

جبکہ پرشانت بھوشن نے لکھا کہ 'حیرت کی بات ہے کہ پے ٹی ایم نے مودی کی تصویر کے ساتھ اشتہار جاری کیا ہے تو کیا اسے پہلے سے معلوم تھا۔'

اس تنازعہ کے بعد پےٹي ایم کے بانی وجے شیکھر نے کیجریوال کی ٹویٹس کا جواب دیا۔ انہوں نے لکھا، 'اس کا سب سے زیادہ فائدہ ہمارے ملک کو ہوگا ہم تو صرف ایک ذریعہ ہیں'۔